رینوکا چودھری اور انیل کمار یادو تلنگانہ سے راجیہ سبھا کیلئے کانگریس امیدوار

   

3 نشستوں سے مقابلہ کی قیاس آرائیاں ختم، ایک سینئر اور ایک نوجوان کو ہائی کمان نے موقع دیا

حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ سے راجیہ سبھا کی 2 نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال کے مطابق صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ، کرناٹک اور مدھیہ پردیش کے 6 امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ تلنگانہ کی 2 نشستوں کیلئے سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری اور آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری ایم انیل کمار یادو کو امیدوار بنایا گیاہے۔ کانگریس ہائی کمان نے ان قیاس آرائیوں کی نفی کردی ہے جس میں کہا جارہا تھا کہ بیرون ریاست کے کسی قائد کو تلنگانہ سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ امیدواروں کے اعلان کے بعد کانگریس کی جانب سے 3 نشستوں پر مقابلہ کے امکانات بھی ختم ہوچکے ہیں۔ ریاست میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے جس کیلئے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی کل 15 فروری آخری تاریخ ہے۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس 2 اور بی آر ایس ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے امیدوار کے اعلان کے بعد تینوں نشستوں پر متفقہ انتخاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رینوکا چودھری ہائی کمان کا انتخاب ہیں جبکہ انیل کمار یادو کی سفارش چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کی ہے۔1