ریونت ریڈی سے کومٹ ریڈی کے اختلافات ختم

   

حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی سے بھونگیر رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے اختلافات بالآخر ختم ہوچکے ہیں۔ دونوں قائدین نے 18 اگست کو ابراہیم پٹنم میں دلت گرجنا دنڈورا کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ ان دونوں قائدین کے درمیان بہت جلد شخصی طور پر ملاقات کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹ ریڈی نے صدرپردیش کانگریس کو 18 اگست کے جلسہ عام کو ملتوی کرنے اور 21 اگست کے بعد منعقدکرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے پیش نظر وہ 18 اگست کے جلسہ عام میں شرکت سے قاصر ہے۔ وینکٹ ریڈی پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کی دوڑ میں شامل تھے لیکن ہائی کمان نے ریونت ریڈی کے نام کو منظوری دی جس پر ناراض ہوکر وینکٹ ریڈی نے گاندھی بھون میں قدم نہ رکھنے کا اعلان کیا تھا ۔ ہائی کمان کی مداخلت کے بعد ریونت ریڈی سے اختلافات ختم کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام میں تعاون کا وینکٹ ریڈی نے یقین دلایا۔