ریونت ریڈی شیر کی سواری کر رہے ہیں، نیچے اترنا خطرناک ہوگا: ڈاکٹر نارائنا

   

حیڈرا کی کارروائیوں پر جیل جانے کا خطرہ، بڑی شخصیتوں کی ناراضگی کا سامنا

حیدرآباد ۔27۔ اگست (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے سنسنی خیز ریمارک کیا کہ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کے ذریعہ چیف منسٹر ریونت ریڈی دراصل شیر کی سواری کر رہے ہیں۔ اگر وہ نیچے اترتے ہیں تو شیر انہیں کھا جائے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ جھیلوں کے تحفظ کیلئے چیف منسٹر کے اقدامات سے بڑے افراد کو اعتراض ہے اور اس بات کا خطرہ ہے کہ بڑی شخصیتوں کے دباؤ کے تحت چیف منسٹر جیل جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیوں سے بڑی شخصیتوں کو نقصان ہوا ہے اور وہ چیف منسٹر کے خلاف مہم چلاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے ریمارک کیا کہ حیڈرا کی کارروائیوں سے اہم شخصیتیں جیل جاسکتی ہیں یا پھر ان کے دباؤ کے تحت چیف منسٹر کے جیل جانے کا خطرہ برقرار ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے چیف منسٹر کو باخبر کیا کہ وہ حیڈرا کی کارروائیوں کے مسئلہ پر چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی شیر کی سواری کر رہے ہیں اور اگر وہ درمیان میں رک کر اترتے ہیں تو انہیں کھا لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیوں کو عوامی تائید حاصل ہوسکتی ہے بشرطیکہ غریب افراد کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے لئے حیڈرا کی کارروائیاں ضروری تھیں۔ کئی سیاسی قائدین اہم شخصیتوں نے آبگیر علاقوں پر قبضہ کرتے ہوئے اہم تعمیرات انجام دی ہیں۔ سی پی آئی قومی سکریٹری نے این کنونشن سنٹر میں فلمسٹار ناگرجنا کی تعمیرات کو منہدم کرنے کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کے قائدین بھی آبگیر علاقوں پر غیر مجاز تعمیرات کرچکے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ان کے خلاف بھی کارروائی کرے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کئی مقامات پر سرکاری دفاتر ، جھیلوں کی اراضیات پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت کو کل جماعتی اجلاس طلب کرنا چاہئے۔ سی پی آئی قومی سکریٹری نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیاں غریبوں اور متوسط طبقات کو ہراساں کرنے کیلئے نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں جموں و کشمیر اور ہریانہ کے انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف سی پی آئی یکم تا 7 ستمبر ملک بھر میں احتجاجی پروگرام منعقد کرے گی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ گورنر کے عہدہ کے ذریعہ مرکزی حکومت غیر بی جے پی ریاستوں کی حکومتوں کو ہراساں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے غیر مشروط طور پر قرض معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی 27 اگست کو ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا منظم کرے گا۔ 1