تلنگانہ کے زیر التواء ائرپورٹس پراجیکٹس کے آغاز کیلئے نمائندگی
حیدرآباد۔26۔نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے دورۂ دہلی کے دوران مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو سے ملاقات کرکے تلنگانہ میں زیر التواء ائیر پورٹ کے پراجکٹس میں نمائندگی کی اور انہیں ان پراجکٹس کے آغاز کے سلسلہ میں متوجہ کروایا ۔چیف منسٹر کی وزیر شہری ہوابازی سے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ ریاستی وزیر کیپٹن اتم کمار ریڈی و دیگر موجود تھے ۔مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے واضح کیا کہ ورنگل میں زیر تعمیر ممنور ائیرپورٹ کو این ڈی اے دور حکومت میں مکمل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ معیاد میں اس ائیر پورٹ کے کاموں کو 100 فیصد مکمل کرکے اسے کارکرد بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ریونت ریڈی نے رام موہن نائیڈو سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ میں مزید 3 ائیر پورٹس کے آغاز کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے کاموں کو بھی شروع کروایا جاسکے۔چیف منسٹر نے پدا پلی ‘ بھدادری کتہ گوڑم اور عادل آباد میں نئے ائیر پورٹس کے قیام کے اقدامات کی خواہش کی اور کہا کہ اگر مرکزی وزارت سے مثبت ردعمل ظاہر کیا جاتا ہے تو حکومت حصول اراضی کے اقدامات کا آغاز کرکے ترقی کی راہ ہموار کرنا شروع کردے گی تاکہ ریاستی میں نئے ائیرپورٹ قائم کئے جاسکیں۔3