ریونت ریڈی کی پدیاترا میں 99 اسمبلی حلقوں کے احاطہ کا منصوبہ

   


26 جنوری سے آغاز کی تیاریاں، تلنگانہ کے نئے انچارج سے رسمی منظوری
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے 26 جنوری سے اپنی پدیاترا کے سلسلہ میں کانگریس اعلیٰ کمان سے منظوری حاصل کرلی ہے۔ تاہم روٹ میاپ کے تعین کے بعد سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں پدیاترا کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کی 11جنوری کو حیدرآباد آمد کے موقع پر ریونت ریڈی پدیاترا کی تفصیلات پیش کریں گے۔ مانک راؤ ٹھاکرے سے منظوری کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی کو پدیاترا کے آغاز کیلئے اچھے مہورت کا انتظار ہے۔ پدیاترا کے ذریعہ ریونت ریڈی 99 اسمبلی حلقوں کے احاطہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پارٹی کے ناراض قائدین کو منانے کیلئے نئے انچارج کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مانک راؤ ٹھاکرے دو دن حیدرآباد میں قیام کریں گے۔ انہوں نے پارٹی عاملہ اور پولٹیکل افیرس کمیٹی کے علحدہ اجلاس طلب کئے ہیں۔ پدیاترا میں کانگریس کے سینئر قائدین کی شمولیت کے ذریعہ عوام کو اتحاد کا پیام دیا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر قائدین کی شکایت ہے کہ ریونت ریڈی اہم فیصلے یکطرفہ طور پر کررہے ہیں اور قائدین سے کوئی مشاورت نہیں کی جاتی۔ دوسری طرف ریونت ریڈی نے عاملہ میں شامل اپنے حامیوں اور ضلع کانگریس صدور کو پدیاترا کی تیاریوں میں مشغول کردیا ہے۔ر