تلنگانہ میں عوامی حکمرانی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر لکھی گئی کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ وینوگوپال ریڈی نے ریونت ریڈی کے کارناموں پر مشتمل ایک کتاب تحریر کی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریونت ریڈی عوام کیلئے ایک لاجواب اور منفرد قائد ہیں جو ہمیشہ عوام کی بھلائی کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ ایک طرف عوام تو دوسری طرف پارٹی کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم عمر میں سیاسی طور پر ترقی کرتے ہوئے چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچنا ریونت ریڈی کا کارنامہ ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ اور بی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بے تھکان جدوجہد کرنے والی شخصیت کا نام ریونت ریڈی ہے جنہوں نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کو بحال کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر ان کے کارناموں پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینوگوپال ریڈی نے کافی محنت کے ساتھ یہ کتاب تحریر کی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت ان کی قیادت میں پیش رفت کرے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تمام طبقات کو سماجی انصاف حاصل ہوگا۔1