زخمی سائنا کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست،سندھو کی پیشقدمی

   

لندن : سائنا نہوال ہندوستان کی پہلی معروف کھلاڑی بنی ہیں جنھیں آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ 2021 ء کے پہلے ہی مرحلہ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جیسا کہ وہ برمنگھم میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران زخمی ہوکر دستبردار ہوئی ہیں۔ سائنا نہوال کی رواں ٹورنمنٹ میں مہم غیر متوقع طور پر جلد ختم ہوگئی حالانکہ انھیں مقابلے کے دوران ڈنمارک کی میابلیچ فیلڈ کے چیلنج کا سامنا بھی تھا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ سائنا نہوال کو اِس مقابلے کی پہلی گیم میں 8-21 سے پیچھے رہنے کے بعد دوسری گیند میں بھی انھیں 4-10 کا خسارہ ہوچکا تھا۔ سائنا کے شوہر پروپلی کیشپ کو بھی پہلے ہی مرحلہ میں ناکامی برداشت کرنی پڑی اور وہ دو مرتبہ کے چمپئن کنٹو مموٹا کے خلاف 13-21 ، 20-22 سے ناکام رہے۔ ہندوستان کا ایک اور بڑا نام کڈمبی سریکانت بھی ہے جنھیں سب سے پہلے اِس ٹورنمنٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جیسا کہ انھیں آئرلینڈ کے ناٹ نیویان کے خلاف 3 گیموں کے سخت مقابلے میں ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ سریکانت کو قریبی مقابلہ میں 11-21 ، 21-15 ، 12-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ اہم کھلاڑیوں کی ناکامی کے درمیان جن کھلاڑیوں نے پیش قدمی جاری رکھی اِن میں پی وی سندھو، ڈی سائی پرانیت، لکشیا سین، سمیر ورما کے علاوہ ایچ ایس پرونائے بھی شامل ہیں۔ پی وی سندھو نے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں ملیشیا کی سونیا چیہا کو بہ آسانی 21-11 ، 21-17 سے 38 منٹوں کے مقابلہ میں شکست دی۔