جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ زراعت کے لیے بجلی کی مناسب فراہمی ریاستی حکومت کی ترجیح بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ کسانوں کو آبپاشی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ گہلوت نے منگل کی دیر رات تک وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پرریاست میں بجلی کی فراہمی کی جائزہ میٹنگ کر رہے تھے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نہیں ہونی چاہیے ۔ اگر کٹوتی ناگزیر ہو تو اس سے متاثرہ علاقے کے لوگوں کو پیشگی اطلاع دی جانی چاہیے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جون جولائی میں اچھی بارشوں کے باعث فصلوں کی بوائی میں تاریخی اضافہ ہوا ہے جب کہ اگست میں بارش نہ ہونے سے آبپاشی کے لیے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے ساتھ چھتیس گڑھ سے بھی کوئلے کی عدم فراہمی، گرمی کی وجہ سے گھریلو صارفین کی مانگ میں اضافہ سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے بجلی کی طلب اورفراہمی میں بڑا فرق پیدا ہوا ہے ۔ 10 اگست سے تقریباً 3300 لاکھ یونٹ بجلی مسلسل دستیاب کرائی جا رہی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔