حیدرآباد ۔ 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبردھوکہ دہی معاملات میں اضافہ کے بعد سائبر سیکوریٹی بیورو نے سائبر مجرموں پر قابو پانے کی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔ سائبردھوکہ باز جو عوام کو بلیک میل کرنے کے نئے نئے طریقے اپناتے ہیں اور انہیں اپنا نشانہ بنا کر لوٹتے ہیں جس کیلئے وہ موبائیل فون کا استعمال کرتے ہیں۔ سائبر جرائم پیشہ افراد کو روکنے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی A2 کی مدد سے خصوصی پروگرام تیار کیا جارہا ہے۔ ایرٹیل کمپنی نے انکشاف کیا ہیکہ وہ صرف 10 دنوں میں دونوں تلگو ریاستوں میں 12 کروڑ مشتبہ کالز کا پتہ چلایا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ سائبر مجرم کس حد تک اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جنوری تا ستمبر 2024، 9 مہینوں میں سائبر مجرموں نے صرف تلنگانہ ریاست میں ہی تقریباً 1500 کروڑر وپیوں کی لوٹ کی۔ سائبر سیکوریٹی بیورو اہلکاروں نے 1500 کروڑ کی لوٹی ہوئی رقم میں سے صرف 110 کروڑ رقم حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی جو لوٹی ہوئی رقم کے 10 فیصد بھی نہیں ہیں۔ سائبردھوکہ باز اپنے کام کو انجام دینے کیلئے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہیں اور سم کارڈس اور بینک کھاتے کھول کر اپنے کام کی تکمیل کرتے ہیں، جس سے پولیس کو ان کی نشاندہی و شناخت کیلئے کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔ جب تک پولیس اپنی تحقیقات کو انجام دیتی ہیں اور ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے تک پہنچتی ہیں، تب تک یہ لوگ اپنا ٹھکانہ تبدیل کرتے ہیں۔ سائبر جرائم پیشہ افراد عوام کی لوٹی ہوئی رقم کو مختلف شکل میں تبدیل کرکے بیرون ممالک منتقل کرتے ہیں۔ اگر ان کی گرفتاری بھی ہوتی ہے تو ان کے پاس سے رقم بازیاب کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ متاثرین کے پاس ان کے فون نمبر کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ پولیس جب دیئے گئے نمبر کا پتہ لگا کر وہاں پہنچتی ہے تو انہیں مایوسی ہی ہاتھ لگتی ہے کیونکہ وہ پتہ کسی دوسرے شخص کا ہوتا ہے یا پھر غلط ہوتا ہے۔ سائبر سیکوریٹی بیورو اب دھوکہ دہی کے کالز، پیغامات اور لنکس کا پتہ لگانے کے اقدامات کو بڑھادیا گیا۔ ایرٹیل کمپنی نے دعویٰ کیا ہیکہ وہ نئے سافٹ ویر کے ذریعہ مشکوک کالز اور پیغامات کی نشاندہی کررہے ہیں۔ اگر ایک ہی نمبر سے ملک کے مختلف حصوں میں لگاتار کالز آرہی ہیں تو اس کی شناخت مشکوک نمبر کے طور پر کی جاتی ہیں جس سے پتہ لگایا جاسکتا ہیکہ یہ کالز صرف دھوکہ دہی کیلئے ہی استعمال کئے جارہے ہیں۔ ایرٹیل نے دعویٰ کیا کہ وہ صرف 10 دنوں میں 12.2 کروڑ اسپام کالز اور 23 لاکھ پیغامات کا پتہ چلا یا ہے۔ پولیس اور سائبر سیکوریٹی بیورو عوام کو بار بار سائبردھوکہ بازوں کی دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے آگاہ بھی کرتی آرہی ہیں۔ سائبر دھوکہ بازوں کی گرفتاری بھی عمل میں آرہی ہے۔ اس کے باوجود سائبر دھوکہ دہی معاملات میں کمی نہیں ہورہی ہے جس سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہیں۔ سائبر دھوکہ باز او ٹی پی، اسٹاک مارکٹ کے نام پر دھوکہ دے رہے ہیں جس کی روک تھام کیلئے کوششوں کو تیز کردی گئی ہیں اور امید کی جارہی ہیکہ ان پر بہت جلد قابو پا لیا جائے گا۔ ش