ووٹرس میں رقم کی تقسیم،خصوصی عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) عوامی نمائندوں کے مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے سابق رکن اسمبلی پی وینکٹیشورلو کو الیکشن کے دوران ووٹرس میں رقم تقسیم کرنے پر سزا سنائی ۔ وینکٹیشورلو نے 2018 ء انتخابات میں ٹی آر ایس ٹکٹ پر پناپاکا حلقہ سے مقابلہ کیا تھا ۔ سابق رکن اسمبلی اور ساتھی نرسمہا راؤ کو خصوصی عدالت نے 6 ماہ قید اور 10 ہزار روپئے جرمانہ کی سزاء سنائی ہے۔ الیکشن کے دوران فلائینگ اسکواڈ نے نرسمہا راؤ کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا جب وہ ووٹرس میں رقومات تقسیم کر رہے تھے۔ اشوا راؤ پیٹ پولیس نے نرسمہا راؤ کے قبضہ سے 4,000 روپئے ضبط کئے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ میں سابق رکن اسمبلی کو بھی ملزم بنایا گیا ۔ خصوصی عدالت نے دونوں کو سزا سنائی ۔ تاہم بعد میں ضمانت منظور کی گئی۔ خصوصی عدالت کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ یہ چوتھا معاملہ ہے جس میں خصوصی عدالت نے عوامی نمائندوں کو سزا سنائی ہے۔