حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے صوبیداری کے پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کو ہدایت دی کہ لینڈ گرابنگ کیس میں سابق رکن اسمبلی شنکر نائک کو 2 ڈسمبر تک گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس لکشمن سابق رکن اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی لنچ موشن درخواست کی سماعت کررہے تھے جس میں انہوں نے پولیس کارروائی کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی۔ عدالت نے شکایت کنندہ شخص کے علاوہ ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کی۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں تحقیقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ صوبیداری پولیس اسٹیشن ضلع ورنگل میں 20 نومبر کو سابق رکن اسمبلی شنکر نائک کے خلاف ایف آئی درج کیا گیا ہے اور مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کئے گئے۔ پدماوتی نامی شکایت کنندہ جو ایک گورنمنٹ ٹیچر ہے نے شکایت کی کہ سابق رکن اسمبلی نے ان کی ذاتی جائیداد پر غیر مجاز قبضہ کرلیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی کے وکیل نے الزامات کی تردید کی اور اسے سیاسی انقامی کارروائی قرار دیا۔ جسٹس لکشمن نے 2 ڈسمبر تک سابق رکن اسمبلی کو گرفتاری کے سلسلہ میں راحت دیتے ہوئے اسی دن دوبارہ سماعت کا فیصلہ کیا۔ 1