سابق وزیر ملاریڈی کی کے سی آر اور کے ٹی آر سے ملاقات

   

کانگریس میں شمولیت کی تردید، کالجس کی انہدامی کارروائی سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیوں کے دوران سابق وزیر اور سینئر لیڈر ملاریڈی نے آج بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر اور ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کی خبروں کو خارج کردیا۔ ملاریڈی نے کل اپنے فرزند اور داماد کے ہمراہ چیف منسٹر کے سیاسی مشیر وی نریندر ریڈی سے 3 گھنٹے تک ملاقات کی تھی۔ ملا ریڈی کے داماد راج شیکھر ریڈی کے کالجس کی عمارتوں کے بلدیہ کی جانب سے انہدام کے بعد یہ ملاقات ہوئی تھی۔ ملاریڈی نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو بتایا کہ انہوں نے انہدامی کارروائی کے سلسلہ میں بات چیت کی ہے اور کانگریس میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے فرزند کو پارٹی ٹکٹ کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی۔ واضح رہے کہ ملا ریڈی گذشتہ چند دنوں سے پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں اور ان کی کانگریس میں شمولیت کی افواہیں گشت کرنے لگیں۔ نریندر ریڈی سے ملاقات کے بعد بی آر ایس قیادت نے چوکسی اختیار کرلی اور انہیں کے سی آر نے طلب کیا۔ ملاریڈی نے آج نندی نگر بنجارہ ہلز میں واقع کے سی آر کی قیامگاہ پر اپنے فرزند بھدرا ریڈی کے ہمراہ ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے راج شیکھر ریڈی کے کالجس کے خلاف بلدی کارروائی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ملا ریڈی نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں بی آر ایس نہیں چھوڑیں گے اور میڈیا میں پھیلائی جارہی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو یقین دلایا کہ اگر ان کے فرزندکو ملکاجگیری سے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو بھی وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس پارٹی نے شمولیت کی صورت میں فرزند کو ٹکٹ دینے کا بھروسہ دلایا ہے۔ کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد ملاریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا۔1