سابق وزیر ہریش راؤ کی پرانے شہر میں علمائے کرام سے ملاقات

   

بی آر ایس سیکولرازم پر پابند، تلنگانہ میں امن اور خوشحالی کیلئے دعاء کی اپیل
حیدرآباد ۔11 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے آج دارالعلوم رحمانیہ تالاب کٹہ پہنچ کر ریاست کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علمائے کرام سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس سیکولر اصولوں پر قائم ہے اور آئندہ بھی سیکولرازم کے اصولوں پر کاربند رہے گی۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں مسلم اقلیت کی بھلائی کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے گئے۔ کے سی آر ایک حقیقی سیکولر قائد ہیں اور انہوں نے تلنگانہ کو ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل کیا ہے۔ تلنگانہ قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کی ایک مثال ہے جسے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے دارالعلوم رحمانیہ میں علمائے کرام کے اجلاس کی اطلاع ملنے پر وہ ملاقات اور دعا حاصل کرنے کیلئے پہنچے ہیں۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ مختلف ریاستوں سے علمائے کرام شریک ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ ملک اور خاص طورپر تلنگانہ میں امن کے ساتھ عوام کی خوشحال اور بھلائی کیلئے بارگاہ خدا وندی میں دعاء کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں امن ہوتا ہے ، وہاں ترقی ہوتی ہے۔ بدامنی کے ماحول میں ترقی ممکن نہیں ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں تلنگانہ امن کا گہوارہ رہا اور ریاست نے مثالی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان آپس میں بھائی بھائی کی طرح زندگی بسر کریں اور یہی ہندوستان کی شناخت ہے۔ بی آر ایس نے سیکولرازم کے فروغ اور ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھا۔ اس موقع پر مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، مفتی غیاث رحمانی ، مفتی زبیر قاسمی ، مفتی ابرار الحسن ، مفتی عامر قاسمی ، مولانا نجم الحسن اور مولانا محمد بانعیم اور دیگر علماء موجود تھے۔ 1