حیدرآباد 27 اگست (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو توقع ہے کہ مرکزی حکومت کسی ریاست کا گورنر مقرر کرے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ازبکستان اور کرغستان سے یکم ستمبر کو واپسی کے بعد گورنرس کے تقررات، مرکزی کابینہ میں توسیع و تبدیلی اور بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کے بارے میں فیصلے کئے جائیں گے۔ سابق چیف منسٹر اور آندھراپردیش میں بی جے پی کے سرکردہ قائد این کرن کمار ریڈی کو بی جے پی ہائی کمان نے گورنر کے عہدہ کی پیشکش کی ہے۔ آندھراپردیش سے پورندیشوری کو پارٹی کا قومی نائب صدر مقرر کیا گیا جبکہ تلگودیشم قائد اشوک گجپتی راجو کو گوا کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ کرن کمار ریڈی آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے دوسرے قائد ہوسکتے ہیں جنھیں گورنر کے عہدہ پر فائز کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو بی جے پی پارلیمانی بورڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔V/1