حیدرآباد، 8 جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان کے ممتاز فٹبال ہندی کامنٹیٹر(مبصر) اور سابق ریاستی گول کیپر غوث محمد کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ دورند کپ پرچم برداری تقریب میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے اعزاز بخشا گیا۔ دورند کپ کے منتظمین، یعنی ہندوستانی فوج نے ٹورنمنٹ سے ان کی طویل وابستگی کے اعتراف میں انہیں سرکاری گروپ تصویر میں بھی خصوصی طور پر شامل کیا۔غوث محمد نے دورند کپ کے 25 ایڈیشنز میں براہِ راست ہندی تبصرہ کیا ہے، جبکہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے بھی سات مرتبہ مختلف کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے دورند کپ میں حصہ لیا۔ ان کی خدمات صرف دورندکپ تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے فیفا ورلڈکپ، یوئیفا یورپی چمپئن شپ اور متعدد دیگر بین الاقوامی فٹبال ٹورنمنٹس میں بھی ہندی تبصرہ کیا، جس کے باعث وہ ملک کے سب سے تجربہ کار فٹبال مبصرین میں شمار کیے جاتے ہیں۔ہندوستانی فٹبال کی کئی دہائیوں تک بے لوث خدمت انجام دینے اور ملک کا نام روشن کرنے کے باوجود غوث محمد اس وقت اپنی صاحبزادی ادیبہ کے انتقال کے بعد انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ ان کا خاندان شدید ذہنی صدمے اور مالی مشکلات کا شکار ہے اور فوری تعاون کا محتاج ہے۔گزشتہ روز ارجنٹینا اور مصر کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ میچ کی خصوصی نمائش سے یہ بات واضح ہوئی کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو فٹبال سے خصوصی دلچسپی اور محبت ہے۔ اس تناظر میں ان سے اپیل کئی جاتی ہے کہ وہ غوث محمد اور ان کے اہلِ خانہ کی امداد کے لیے ہمدردانہ تعاون فراہم فرمائیں۔ یہ اقدام نہ صرف ایک ایسی ممتاز کھیل شخصیت کی خدمات کا اعتراف ہوگا جس نے کئی دہائیوں تک ملک اور ریاست کا نام روشن کیا، بلکہ مشکل وقت میں ان کے خاندان کے لیے بھی ایک بڑا سہارا ثابت ہوگا۔