ساتھ کام کرنے والے ملازم کی بیوی کو ہراساں کرنے والے شخص کو عدالت سے سزا

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ساتھ کام کرنے والے ملازم کی بیوی کو ہراساں کرنے والے شخص کو عدالت نے جیل کی سزا سنائی ہے ۔ بنجارہ ہلز کے ایک خانگی دفتر میں کام کرنے والے بالا مدیلیٹی نامی شخص کو عدالت نے 8 دن کی سزا سنائی ہے ۔ اس شخص کے خلاف متاثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت کی تھی جو اس خاتون کو مسلسل فون کرتے ہوئے ہراساں کررہا تھا ۔ اور فون پر قابل اعتراض وائس میسیج بھی روانہ کررہا تھا ۔ شوہر کی غیر موجودگی میں مکان پہونچکر اس خاتون کو بات کرنے پر مجبور کرتے ہوئے پریشان کررہا تھا اور اپنے جال میں پھانسنے کی مبینہ کوشش کررہا تھا ۔ پولیس کے مطابق ملزم بالا مدیلیٹی اور متاثرہ خاتون کا شوہر ایک ہی ادارے میں کام کرتے تھے ۔ 5 دن قبل مدیلیٹی نے خاتون کے شوہر کو اس کے مکان پہونچانے کے لیے اپنی موٹر سیکل پر گیا اور خاتون کے شوہر کو مکان پر ڈراپ کیا ۔ اس دوران کام کرنے والے ساتھی نے اس کی بیوی سے متعارف کروایا ۔ مدیلیٹی مکان پر ساتھی کو ڈراپ کرنے کے بعد اس کی بیوی کو دیکھنے لگا ۔ اور بات چیت کے بعد مکان چلا گیا ۔ اس کے بعد ساتھی کے دفتر جانے کا انتظار کرتا رہا اور جب خاتون مکان میں اکیلی تھی وہ اس کے مکان پہونچا اور خاتون سے بات چیت کرنے لگا ۔ خاتون کا فون نمبر حاصل کرنے کے بعد اسے مختلف انداز سے ہراساں کرنے لگا ۔ مدیلیٹی کی ہراسانیوں میں زیادتی اور قابل اعتراض حرکتوں سے پریشان خاتون نے پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مدیلیٹی کو عدالت میں پیش کردیا جہاں عدالت نے اسے 8 دن کی سزا سنائی ہے ۔۔ ع