حیدرآباد 30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سال نو کے موقع پر حیدرآباد میٹرو کو یکم جنوری کی صبح کی اولین ساعتوں تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 31 ڈسمبرکی رات سال نو تقاریب میں حصہ لینے والے مسافرین کی سہولت کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ آخری ٹرین اپنے طئے شدہ اسٹیشنوں سے رات 1 بجے روانہ ہوگی اور یکم جنوری کی رات دیر گئے 2 بجے اپنی منزل کو پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل پولیس اور سیکوریٹی ادارہ کی جانب سے مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شراب کے نشہ میں دھت افراد ٹرین اور اسٹیشنوں میں کسی کے ساتھ بدتمیزی نہ کریں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے ڈائرکٹر کے وی بی ریڈی نے مسافرین سے حکام سے تعاون کرنے کی اپیل کی اور کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر سفر کا مشورہ دیا۔ اسی دوران ٹریفک پولیس نے سال نو کے موقع پر فلائی اوورس، پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے اور آؤٹر رنگ روڈ پر رات 11 بجے تا صبح 5 بجے گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی تاہم ایرپورٹ جانے والی گاڑیوں کو آؤٹر رنگ روڈ اور نرسمہا راؤ ایکسپریس وے پر گزرنے کی اجازت رہے گی۔ر