سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں فائر سیفٹی اقدامات کیلئے وزیر صحت کی ہدایت

   

عہدیداروں کی 10 خصوصی ٹیموں کی تشکیل، احتیاطی تدابیر میں تساہل پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں فائر سیفٹی کے اقدامات لازمی طور پر کئے جائیں تاکہ آتشزدگی کے واقعات کی صورت میں مریضوں کو فوری طور پر بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 10 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو دواخانوں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیں گی۔ جن ہاسپٹلس میں سیفٹی اقدامات نہیں کئے گئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دامودر راج نرسمہا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں اترپردیش میں حال ہی میں آتشزدگی واقعہ میں کمسن بچوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہاسپٹل میں چاہے وہ سرکاری ہو کہ خانگی فائر سیفٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ہاسپٹلس کا معائنہ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ ریاست بھر میں عہدیداروں کی 10 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں اہم سرکاری ہاسپٹلس جیسے عثمانیہ، گاندھی، نیلوفر اور ایم جی ایم کینسر ہاسپٹلس کا معائنہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہم ہاسپٹلس میں فائر الارمس، اسموک ڈیٹکٹرس کے آلات نصب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آتش فرو آلات موجود ہوں تو ان کی ایکسپائری ڈیٹ معلوم کی جائیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ اگر کوئی بھی ہاسپٹل فائر سیفٹی انتظامات کے بغیر پایا جائے تو اس خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل حکام کو قریبی پولیس اسٹیشنوں سے ربط میں رہنا چاہئے اور پولیس حکام کو بھی چاہئے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے بارے میں ہاسپٹل کی مساعی پر نظر رکھیں۔ 1