سرینگر میں نقلی خاتون پولیس افسر گرفتار

   

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے ضلع بارہمولہ میں پولیس افسر کا روپ دھارنے والی ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے ۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کنزر کو یکم ستمبر 2023 کو واصف حسن ساکن کنزر کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں اس نے کہا کہ بس میں سفر کے دوران عائشہ نامی ایک خاتون مجھے ملی جس نے پولیس سب انسپکٹر ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ وہ اس وقت پولیس اسٹیشن کنزر میں تعینات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کے مطابق موصوفہ نے شکایت کنندہ کو یقین دہانی کی وہ اس کو محکمہ پولیس میں کانسٹیبل کی نوکری دلا سکتی ہے ‘۔ ان کا کہنا تھا کہ نوکری ملنے کی لالچ میں آکر شکایت کنندہ نے موصوفہ کو دس ہزار روپیے دے دئے ۔ بیان میں کہا گیا کہ پولیس افسر کا روپ دھارنے والی خاتون نے شکایت کنندہ کے ساتھ یکم ستمبر کو دوبارہ رابطہ کیا اور نوکری کی تقرری کا آرڈر جلدی ملنے کیلئے مزید رقم طلب کی تھی۔