تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ دوبارہ بحال ہو جائیں گے۔اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عامر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مذکرات کے بعد تہران اور ریاض میں موجودہ دونوں ممالک کے سفارت خانے دوبارہ کھلیں گے اور اس طرح کے مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان جاری رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے کے حریف ہیں جو خطے میں یمن، شام اور عراق سمیت کئی تنازعات پر لڑائی لڑتے رہے ہیں، دونوں ممالک نے 2016 میں سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔انہوں نے گزشتہ ماہ دسمبر میں ایران کا اتحادی ملک شام اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مفاہمت کی بھی امید ظاہر کی۔اپریل 2021 سے عراق نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان متعدد اجلاس منعقد کروائے تھے لیکن حالیہ مہینوں میں مذکرات کا سلسہ رک گیا تھا تاہم اپریل 2022 سے کسی ملاقات کا کھلے عام اعلان نہیں کیا گیا۔شام کی حامی حکومت کے الوطن اخبار نے کہا کہ ایک جانب جہاں شام اور ترکیہ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں کمی ا?رہی ہے تو اسی دوران عامر عبداللہیان 14 جنوری کو دمشق کا بھی دورہ کریں گے۔