تلنگانہ حج کمیٹی کی موثر نمائندگی، 150 عازمین کیلئے ایک حج انسپکٹر، صدرنشین حج کمیٹی خسرو پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے سعودی عرب میں قیام کے دوران موثر انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اور عصری سہولتوں سے آراستہ رہائشی عمارتوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دو دن قبل ملک کی تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے صدور نشین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی وزراء اور حج کمیٹی آف انڈیا کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے اجلاس میں حج 2024 کے تجربات کی روشنی میں نمائندگی کی گئی جس پر مرکزی حکومت نے اتفاق کیا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے بھی مرکزی حکومت کو حج کے موثر انتظامات کے سلسلہ میں نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2024 میں تلنگانہ کے عازمین حج کو جو دشواریاں پیش آئی ہیں اس کی اہم وجہ عمارتوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔ حج کمیٹی کی نمائندگی پر مرکزی حکومت نے بنیادی سہولتوں سے محروم عمارتوں کو بلاک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ عمارتیں آئندہ حاصل نہیں کی جائیں گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے ایسی تمام عمارتوں کے نمبرس حوالے کئے جارہے ہیں تاکہ انہیں رہائش کیلئے حاصل نہ کیا جائے۔ جناب خسرو پاشاہ نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے 150 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو مقرر کیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے اجلاس میں اس بات کی نمائندگی کی کہ خادم الحجاج کو صرف تلنگانہ کے عازمین کی خدمات تک محدود کیا جائے تاکہ ریاست کے عازمین کی بہتر خدمت ہوسکے۔ خادم الحجاج کو حج انسپکٹر کا نام دیا گیا ہے اور وہ الاٹ کردہ 150 عازمین کے ساتھ روانہ ہوں گے اور واپسی تک ان کے ساتھ رہیں گے۔ سابق میں 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے سعودی عرب میں علحدہ کنٹرول روم کے قیام کی نمائندگی کی گئی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی اپنے ملازمین کو روانہ کرے گی جو فریضہ حج کی انجام دہی کے بغیر صرف عازمین حج کی خدمت میں مصروف رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی روانگی میں ضلع واری سطح پر فلائٹ شیڈول تیار کرنے کی نمائندگی کی گئی ہے تاکہ ہر ضلع کے عازمین ایک ساتھ رہ سکیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ عمارتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں ریاستوں کے صدور نشین اور ایگزیکیٹو آفیسرس کو اختیارات دینے کی نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین حج مصارف کی دوسری قسط کی رقم 144200 روپئے 16 ڈسمبر سے قبل جمع کرادیں۔ یہ رقم آن لائن یا پھر ایس بی آئی اور یونین بینک آف انڈیا کے برانچ میں جمع کی جاسکتی ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ دوسری قسط کی ادائیگی کے لئے طئے شدہ تاریخ کی پابندی کریں۔ پریس کانفرنس میں ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔1