ریاض ۔18؍اکتوبر ( ایجنسیز )سعودی عرب کے نجران ریجن میں حوثی ملیشیا کا پروجیکٹائل گرنے سے چھ شہری زخمی ہوگئے جبکہ تین مکانات اور وہیکلس کو نقصان پہنچا۔میڈیاکے مطابق سعودی سیول ڈیفنس کی ٹیموں نے حوثی ملیشیاکے داغے گئے پروجیکٹائل گرنے کے واقعہ پرکہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششیں بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ اس سے قبل سعودی فضائی دفاع نے اتوار کی صبح یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے دو بیلیسٹک میزائلوں اور متعدد ڈرونز کو فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیا۔ ریاض اور جنوبی شہر خمیس مشیط کے رہائشیوں کو فضائی خطرات سے خبردار کرنے والی ہنگامی الرٹس موصول ہوئے۔ہفتہ کو ترکی المالکی نے کہا تھا کہ اتحادی افواج نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ریاض، مشرقی صوبے اور مملکت کے جنوبی علاقوں میں چار ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔انہوں نے یمن کے صوبہ صعدہ میں بیلیسٹک میزائل کے دو لانچروں کو بھی تباہ کرنے کا اعلان کیا۔یہ تازہ ترین واقعات یمن کے تنازعہ میں سالہا سال کی خاموشی کے بعد جولائی میں دوبارہ کشیدگی کے بڑھنے کے دوران سامنے آئے ہیں۔سعودی عرب کا الزام ہے کہ ایران حالیہ حوثی حملوں کو ہوا دے رہا ہے ، تاہم تہران نے اس کی تردید کی ہے ۔