ریاض ۔ 20 نومبر (ایجنسیز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل نعمان محمود کا استقبال کیا۔ اس استقبال کے دوران مکہ دفاعی اتحاد کے جنرل سیکرٹریٹ کی ادارہ جاتی تعمیر کے دائرہ کار میں کی جانے والی کوششوں اور رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون کے طریقہ کار کو فروغ دینے کے حوالے سے ان کی ایسی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا جس سے ان کے درمیان مشترکہ دفاعی نظام کو تقویت ملتی ہے۔عسکری فارمیشنز کی قیادت، انٹیلی جنس امور، سٹریٹجک منصوبہ بندی اور عسکری تعلیم کے شعبوں میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزارنے کے بعد ریٹائرڈ پاکستانی لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کا منصب سنبھال کر اپنے کیریئر کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاہدہ مکہ پر دستخط کرنے والے ممالک کی توثیق کے بعد خطے کے جغرافیائی سیاسی اور سٹریٹجک نقشے ایک ایسی نئی حقیقت میں داخل ہو رہے ہیں جو اس معاہدے نے نافذ کی ہے جسے مبصرین پورے خطے کو محفوظ بنانے کیلئے ایک مضبوط ذریعہ کے طور پر بیان کرتے ہیں، کیونکہ یہ لاجسٹک اعتبار سے کرہ ارض کے براعظموں کے درمیان رابطے کی کڑی اور توانائی و تیل کے لحاظ سے دنیا کی دھڑکن کی حیثیت رکھتا ہے۔اس معاہدے کی اہمیت محض اس کے دفاعی پہلو تک محدود نہیں ہے کیونکہ یہ اتحاد ایسے ممالک کو یکجا کرتا ہے جو جغرافیائی اور اسٹریٹجک طور پر خطہ سے جڑے ہوئے ہیں۔
اور جو کسی سے محاذ آرائی کے خواہاں بھی نہیں ہیں بلکہ ایک دوسرے کے تحفظ کیلئے اپنی تمام سیاسی اور عسکری صلاحیتوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کر رہے ہیں۔ واضح رہے ریاض، اسلام آباد اور انقرہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاع کے معاہدہ مکہ پر دستخط کیے تھے کیونکہ اس معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے اور اس میں یہ شق شامل ہے کہ تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی مسلح حملہ سب پر حملہ تصور کیا جائے گا، نیز یہ معاہدہ ان کے درمیان دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں کو فروغ دینے سے بھی متعلق ہے۔