سمراٹ چودھری نے چیف منسٹر بہار کے طور پر حلف لیا

,

   

پٹنہ، 15 اپریل (یو این آئی) بی جے پی اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے قانون ساز پارٹی کے لیڈرسمراٹ چودھری نے آج بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ چودھری بہار کے ایسے 24 ویں شخص ہیں، جنہیں ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کا موقع ملا ہے ۔ بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے لوک بھون میں گورنرسید عطا حسنین نے صبح 10:56 بجے چودھری کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ان کی کابینہ کے ارکان کے طور پر اتحادی جے ڈی یو کے سینئر لیڈروجے کمار چودھری اوربجیندر پرساد یادونے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ ان دونوں کونائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے ۔ حلف برداری کی اس تقریب میں مرکزی وزراء شیوراج سنگھ چوہان، جے پی نڈا، نتیا نند رائے ، راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، گری راج سنگھ، جیتن رام مانجھی، بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر چراغ پاسوان سمیت کئی سابق مرکزی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی موجود تھے ۔ حلف برداری کے بعد جنتا دل (یونائیٹڈ) کے لیڈر اور وزیر کے طور پر حلف لینے والے وجے کمار چودھری نے کہا: میں نتیش کمار کا تہ دل سے مشکور ہوں۔ یہ انہی کے اعتماد کا نتیجہ ہے کہ مجھے یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ مستقبل میں نتیش کمار کا راستہ، ان کی پالیسیاں، ان کے طریقے اور ان کا طرزِ عمل ہی مشعلِ راہ بنے گا۔H/I
انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے اب تک نتیش کمار کا جو ماڈل تھا، اس میں بی جے پی بھی شامل تھی، اس لیے موازنہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ بہار کے ترقیاتی ماڈل میں نتیش کمار کے ساتھ بی جے پی اور دیگر تین پارٹیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے نتیش کمار کی سوچ اور کام کرنے کے طرز کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ۔ نو منتخب وزیر نے بتایا کہ نئے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بھی یہی کہا ہے کہ بہار کی ترقی کیلئے نتیش کمار نے جو راستہ اور پروگرام بنائے ہیں، مستقبل میں انہی کو آگے بڑھایا جائے گا۔H/I