سمرتی ایرانی کے خلاف گاندھی بھون کے روبرو مہیلا کانگریس کا احتجاج

   

سونیا گاندھی پر الزامات کی مذمت، پرگتی بھون کے روبرو یوتھ کانگریس کا مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کی الزام تراشی پر برہمی کا اظہار کرکے مہیلا کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں کارکنوں نے گاندھی بھون کے روبرو مظاہرہ کیا اور مرکزی وزیر کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ اس موقع پر سمرتی ایرانی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ مہیلا کانگریس قائدین نے کہا کہ مرکزی وزیر نے جان بوجھ کر پارلیمنٹ میں سونیا گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ گوا میں دختر کے غیر قانونی بار کے معاملہ کو پس پشت ڈالنے کیلئے سونیا گاندھی پر الزام تراشی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں کل کا واقعہ ملک کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ کانگریس نے کبھی بھی صدر جمہوریہ کی توہین نہیں کی ہے ۔ ادھیر رنجن چودھری نے اپنے الفاظ پر معذرت خواہی کی ، باوجود اس کے سونیا گاندھی سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اشارہ پر سمرتی ایرانی اور دیگر بی جے پی ارکان نے لوک سبھا میں سونیا گاندھی پر حملہ کی کوشش کی ۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ سمرتی ایرانی کو ملک کے عوام سبق سکھائیں گے۔ پولیس نے بیریکیٹس لگاکر مہیلا کانگریس کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ اسی دوران حیدرآباد یوتھ کانگریس کے صدر ایم روہت کی قیادت میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے پرگتی بھون کے روبرو احتجاج کیا۔ انہوں نے جوبلی ہلز ریپ کیس میں ملزمین کو ضمانت کی منظوری پر اعتراض کیا اور کہا کہ سیاسی دباؤ کے تحت ضمانت منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے خاطیوں کو سزا کے معاملہ میں حکومت پر عدم دلچسپی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے قائدین کے بچوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ر