ریونت ریڈی کی ملاقات، حصول اراضی و معاوضہ کے فنڈز تلنگانہ ادا کرے گا، بیراج میں پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت طلب
حیدرآباد۔ 17 نومبر (سیاست نیوز)تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے آج چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر وشنو دیو سائی سے ملاقات کی اور دونوں ریاستوں کے مابین زیر التواء آبپاشی پراجیکٹس سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چھتیس گڑھ کے ہم منصب سے سمکا ساگر بیراج کے لیے این او سی (عدم اعتراض سرٹیفکیٹ) جاری کرنے کی اپیل کی جس پر چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر وشنو دیو سائی نے انتہائی مثبت ردعمل ظاہر کیا اور یقین دہانی کرائی کہ این او سی کے اجراء سے متعلق تمام کارروائیاں جلد مکمل کر لی جائیں گی۔ریونت ریڈی نے ریاست میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا حوالہ دیتے ہوئے سمکا ساگر بیراج میں پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت دینے اور پراجیکٹ سے متعلق دیگر باقی اجازتوں کو جلد منظوری دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت چھتیس گڑھ کی حدود میں حصول اراضی، معاوضہ اور باز آبادکاری کے لیے درکار تمام فنڈز ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کھڑکپور کی مطالعاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عام حالات میں چھتیس گڑھ کی محض 33 ایکڑ اراضی زیر آب آتی ہے جبکہ شدید سیلاب کے دوران بھی زیر آب آنے والا رقبہ 100 ایکڑ سے تجاوز نہیں کرتا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے مزید انکشاف کیا کہ ٹوپاکلا گوڈیم میں سمکا ساگر بیراج کی تعمیر پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور اس میں 83 میٹر کی مکمل سطح پر 6.94 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے ، جس کا بنیادی مقصد گوداوری کے پانی کو ریاست کی آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات کے لیے بروئے کار لانا ہے۔2