گچی باؤلی اراضی پر سوشیل میڈیا میں فرضی تصویر ری ٹوئیٹ کرنے کا شاخسانہ، تحقیقات کیلئے پولیس اسٹیشن طلبی
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سینئر آئی اے ایس آفیسر سمیتا سبھروال پھر ایک بار اپنے سوشیل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ تنازعہ میں گھِر چکی ہیں۔ سائبرآباد پولیس نے پرنسپل سکریٹری سیاحت و کلچر سمیتا سبھروال کو نوٹس جاری کی ہے۔ کنچہ گچی باؤلی اراضی سے متعلق سوشیل میڈیا میں پوسٹ کو ری ٹوئیٹ کرنے پر یہ نوٹس جاری کی گئی۔ بھارتیہ ناگرک سرکھشا سنہیتا قانون کی دفعہ 179 کے تحت یہ نوٹس جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے ذریعہ تیار کردہ تصویر کو سوشیل میڈیا میں پوسٹ کیا گیا۔ واضح رہے کہ گچی باؤلی اراضی سے متعلق آرٹیفیشل انٹلیجنس سے تیار کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو وائرل کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نوٹسیں جاری کی ہیں۔ سمیتا سبھروال نے اس مسئلہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور انہوں نے نوٹس ملنے کی تردید بھی نہیں کی۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سمیتا سبھروال نے ’ ہائے حیدرآباد ہینڈل ‘ پر پوسٹ کی گئی تصویر کو ری ٹوئیٹ کیا جس میں اراضی پر بڑی تعداد میں بلڈوزرس کو دکھایا گیا۔ تصویر میں ہرن، مور اور دیگر جانوروں کو بھی دکھایا گیا جو آرٹیفیشل انٹلیجنس ٹیکنک سے تیار کئے گئے۔ 400 ایکر اراضی پر جنگلاتی صفائی کے خلاف جاری مہم کے تحت یہ تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل کی گئی۔ پولیس نے سمیتا سبھروال کو دی گئی نوٹس کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا ہے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد سے متصل 400 ایکر اراضی پر گذشتہ ایک ماہ سے تنازعہ جاری ہے۔ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاوز آفیسر محمد حبیب اللہ خاں نے کہا کہ بی این ایس ایس قانون کی دفعہ 179 کے تحت سمیتا سبھروال کو نوٹس جاری کی گئی ہے جو آرٹیفیشل انٹلیجنس سے تیار کردہ تصویر کو پوسٹ کرنے سے متعلق ہے۔ انہوں نے نوٹس کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا۔ سمیتا سبھروال نے 31 مارچ کو سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ تصویر ری ٹوئیٹ کی جس میں مشروم راک کے روبرو بلڈوزرس کی بڑی تعداد کو دکھایا گیا۔ یہ علاقہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے تحت ہے۔ سیکشن 179 کے تحت تحقیقاتی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن طلب کرنے کا اختیار ہے جس کے تحت ان کا بیان درج کیا جائے گا۔1