تروچیراپلی: تروچیراپلی سٹی پولس نے بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے قومی کنوینر امیت مالویہ کے خلاف سناتن دھرم سے متعلق ڈی ایم کے لیڈر اور تمل ناڈو کے نوجوانوں کے اموراور کھیلوں کی ترقی کے وزیر ادھیانیدھی اسٹالن کے تبصرے کو مبینہ طور پر توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ مالویہ نے حال ہی میں سوشل نیٹ ورک ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ادھیانیدھی نے سناتن دھرم کو ملیریا اور ڈینگو سے جوڑا ہے ۔ ان کی رائے ہے کہ اس (سناتن دھرم) کو سرے سے ختم کردینا چاہیے نہ کہ محض مخالفت کرنی چاہئے ۔مختصراً یہ کہا جائے کہ وہ (ادھیانیدھی) ملک میں سناتن دھرم کی پیروی کرنے والی 80 فیصد آبادی کی نسل کشی کی دعوت دے رہے ہیں۔ضلع جنوبی تروچیراپلی کے ڈی ایم کے ایڈوکیٹ ونگ کے آرگنائزر کے اے وی دیناکرن نے تروچیراپلی سٹی کمشنر آف پولیس کو بھیجی گئی شکایت میں کہا کہ مسٹر ادھیانیدھی کی طرف سے سناتن دھرم پر اپنے تبصرے کی وضاحت جاری کرنے کے باوجود، بی جے پی لیڈر نے سیاسی تشدد بھڑکانے ، دو گروہوں کے درمیان نفرت کو ہوا دینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو زک پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر ان کی تقریر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔