سنتوش بھارتیہ کی کتاب ’’وی پی سنگھ ، چندرشیکھر سونیاگاندھی اور میں ‘‘کا اردو ترجمہ منظر عام پر

   

نئی دہلی : ہندوستان کے بے باک ،بے خوف اور معتبرصحافی کے طورپر معروف مسٹر سنتوش بھارتیہ کی کتاب ‘‘وی پی سنگھ ، چندرشیکھر،سونیاگاندھی اور میں ’’کا اردوترجمہ منظرعام پر آچکاہے جس میں انھوں نے اس دور کی سیاسی سرگرمیوں کے کئی پوشیدہ پہلوؤں سے پردہ اٹھایاہے ۔اس کتاب کے منظرعام پر آنے سے اردوزبان کے مداح بھی استفادہ کرسکیں گے اور اس دورکے سیاسی حالات وواقعات سے بخوبی واقف ہوسکیں گے جو عام طورپرابھی تک لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہیں ۔جدوجہد آزادی میں مسلمانوں کی قربانیوں اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیرمیں انکی خدمات کا اعتراف نہیں کیاجاتا یا برائے نام کیاجاتاہے ۔مسٹر سنتوش بھارتیہ نے اس دور کی سیاسی سرگرمیوں کے تعلق سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے تحریرکیاہے کہ کس طرح سے حکومت سازی اور وزارت عظمی جیسے اہم عہدے کے لیے رہنما کے انتخاب میں مسلم دانشوروں اور سیاست دانوں نے اپنی گراں قدر آراء اور تجاویزپیش کیں۔ان میں ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظورعالم کانام خاص طورسے قابل ذکر ہے ۔