قومی لوک عدالت کی کامیابی کیلئے وکلاء سے بھی تعاون کی خواہش: ضلع جج
سنگاریڈی 13 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے زیر اہتمام 28 مارچ کو منعقد ہونے والی قومی لوک عدالت کے پیش نظر جمعرات کو سنگاریڈی کورٹ کے احاطہ میں بینک، انشورنس اور چٹ فنڈ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ضلع کی پرنسپل ڈسٹرکٹ جج اور ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی چیئرپرسن جی بھوانی چندرا نے کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بینک، انشورنس اور چٹ فنڈ سے متعلق قابلِ مفاہمت مقدمات کو قومی لوک عدالت کے ذریعہ آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ معمولی تنازعات کی وجہ سے عدالتوں کے چکر لگانے کے بجائے دونوں فریق باہمی رضامندی سے لوک عدالت کے ذریعہ اپنے مسائل جلد حل کریں۔انہوں نے وکلاء سے بھی اپیل کی کہ قومی لوک عدالت کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ مقدمات کے فریقین کو جلد انصاف اور مناسب معاوضہ حاصل ہو سکے۔اس اجلاس میں ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی سکریٹری بی سوجنیا، لیڈ بینک مینیجر نرسنگ، بینک اور انشورنس کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔