سنگارینی کوئلہ مزدوروں کے مسائل پر کویتا کا اظہارِ تشویش

   

مناسب سہولیات کی عدم فراہمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ، حکومت پر ناانصافی کا الزام
نظام آباد۔16 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سربراہ تلنگانہ رکشنا سینا کلواکنٹلہ کویتا نے ’’بائی باٹا‘‘ پروگرام کے تحت شری رام پور کے آر کے 7 مائن کا دورہ کیا اورسنگارینی کوئلہ مزدوروں کے مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کویتا نے حکومت پر شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک نئی سیاسی طاقت کے طور پر اُبھرنے والی تلنگانہ رکشنا سینا عوام کے درمیان آکر ان کے مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کے لئے ہر ممکن مساعی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزدوروں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کو اپنی دعاؤں اور حمایت سے نوازیں۔کویتا نے کہا کہ سنگارینی میں خواتین ملازمین کی موجودگی خوش آئند ہے، جس کے لئے ماضی میں پارلیمنٹ میں جدوجہد کی گئی، تاہم افسوس کی بات ہے کہ آج بھی خواتین ورکرس کو مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے سنگارینی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو بنیادی سہولیات جیسے صاف پانی، ہوا اور تحفظ تک فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹرس کو ادائیگی کے لئے فنڈس موجود ہیں تاہم مزدوروں کے مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔کویتا نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کے دور میں بھی سنگارینی میں پرانی ٹکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جس سے مزدوروں کو خطرات لاحق ہیں۔کویتا نے کہا کہ ماضی میں مزدوروں کے تحفظ کے لئے جو مضبوط آوازیں تھیں اب وہ تمام قوتیں تلنگانہ رکشنا سینا کے ساتھ ہیں، اس لئے مزدوروں کے حقوق کے لئے بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی میں رہائش کے مسائل، ڈپینڈنٹ ملازمتیں، میڈیکل بورڈ پالیسی اور دیگر امور میں ناانصافیاں ہو رہی ہیں، جنہیں فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر ماہ میڈیکل بورڈ کے اجلاس منعقد کئے جائیں تاکہ ملازمین کو بروقت انصاف مل سکے۔کویتا نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے اپیل کی کہ وہ سنگارینی کے لئے مزید کوئلہ بلاکس کی منظوری کے خصوص میں کوشش کریں تاکہ مقامی وسائل پر مقامی لوگوں کا حق برقرار رہے۔انہوں نے ایچ ایم ایس کے صدر ریاض کی قیادت کی ستائش کی اورکہا کہ وہ ایمانداری سے مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور تلنگانہ رکشنا سینا ان کے ساتھ مل کر مزدوروں کی فلاح کے لئے کام کرتی رہے گی۔