عوام کی وقت گذاری سے کئی کمپنیوں کو فائدہ ، فن بولڈ کی رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) سوشل میڈیا پر وقت گذاری اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام تک رسائی کے علاوہ اپنی مقبولیت سے سوشل میڈیا صارفین خوش ہوتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارم X سابقہ ٹوئیٹر کے مالک ایلان مسک ہر گھنٹے 4لاکھ 13ہزار220 ڈالر کی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ ایلان مسک جو کہ دنیا کے دولت مند ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ان کی دولت 198.9بلین ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے اور وہ اپنی مختلف کمپنیوں کے ذریعہ ہر سیکنڈ 114.80 ڈالر کی آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ فن بولڈ نامی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق X کمپنی کے علاوہ دیگر کمپنیوں میں اپنی حصہ داری رکھنے والے ایلان مسک ہر منٹ 6887 ڈالر کی آمدنی حاصل کر رہے ہیں اور ہر ہفتہ ان کی آمدنی 6کروڑ 94لاکھ 20 ہزار 960 ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔ فن بولڈ کی رپورٹ کے مطابق ایلان مسک دنیا کی مشہور الکٹرانک کار کمپنی ٹیسلا میں 20.5 فیصد کے شراکت دار ہیں اور انہو ںنے کہ اسٹارلنک کمپنی میں 54 فیصد شئیر حاصل کئے ہوئے ہیں۔ اسی طرح ان کی اسپیس X نامی کمپنی میں 42 فیصد کی شراکت داری ہے اس کے علاوہ انہو ںنے سابقہ ٹوئیٹر موجودہ X نامی سوشل میڈیا مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ میں 74 فیصد حصہ حاصل کرتے ہوئے اس کے مالک بن چکے ہیں ان سرکردہ کمپنیوں کے علاوہ ایلان مسک X آرٹیفیشل انٹلیجنس میں 25فیصد کے شراکت دار ہیں اور نیوٹرا لنک نامی کمپنی میں 50 فیصد سے زیادہ شراکت داری رکھتے ہیں۔ان کی آمدنی اور شراکت داری کے متعلق رپورٹ پیش کرنے والی کمپنی کی جانب سے سال میں موجود 3کروڑ 15 لاکھ 36ہزار سیکنڈ کے اعتبار سے ان کی آمدنی کو منقسم کرنے کے بعد اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ ایلان مسک کی ہر سکنڈ 114.80 ڈالر کی آمدنی ہے جو کہ ہر منٹ کے اعتبار سے دیکھیں تو 6887 ڈالر ہوتی ہے اسی طرح اگر ان کی آمدنی کا شمار کیا جائے تو انہیں 4لاکھ 13ہزار 220 ڈالر ہر گھنٹہ حاصل ہورہے ہیں۔ ایلان مسک کی جانب سے حاصل کی جانے والی اس آمدنی کے باوجود وہ دنیا بھر میں دوسرے دولت مند ترین کا ہی مقام حاصل کر پائے ہیں جبکہ دنیا کے امیر ترین شخص کی فہرست میں سر فہرست سرکردہ برانڈ LVMH کے سی ای او برنارڈ ارنالٹ ہیں جن کی دولت مجموعی اعتبار سے 219.1 ڈالر شمار کی گئی ہے جبکہ مارک زکربرگ ان دونوں سے پیچھے ہیں۔3