سوچی جیل میں قید تنہائی میں منتقل

   

ینگون: میانمار کی فوجی حکومت نے معزول رہنما آنگ سان سوچی کو ایک خفیہ مقام سے اب ایک جیل میں قید تنہائی میں منتقل کر دیا ہے۔فوجی جنٹا نے اس اقدام کو ملکی مجرمانہ قوانین کے عین مطابق قرار دیا۔میانمار کی فوجی حکومت کے ایک ترجمان زاو من ٹن نے بتایا کہ آنگ سان سوچی کو ایک خفیہ مقام پر رکھا گیا تھا لیکن بدھ کے روز سے اب انہیں دارالحکومت نیپی داو میں ایک جیل میں قید تنہائی میں منتقل کردیا گیا ہے۔آنگ سان سوچی کو یکم فروری 2021 کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا تھا جب فوج نے ان کی منتخب حکومت کو معزو ل کردیا تھا۔ ابتدا میں انہیں دارالحکومت میں ان کی رہائش گاہ پر رکھا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں ایک دیگر مقام پر منتقل کردیا گیا۔ پچھلے ایک سال سے ان کے ٹھکانے کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا گیا۔ تاہم سمجھا جاتا ہے کہ انہیں کسی فوجی اڈے پر رکھا گیا تھا۔بعض ذرائع کے مطابق ان کی رہائش گاہ پر مدد کے لیے نو افراد کو تعینات کیا گیا تھا۔ ان کا کتا بھی ان کے ساتھ ہے جسے ان کے بیٹوں نے انہیں تحفے کے طور پر پیش کیا تھا۔