ممبئی : لیجنڈ کرکٹرس جیسے سچن تنڈولکر، ویریندر سہواگ، برائن لارا اور متیا مرلی دھرن پھر ایک مرتبہ ایکشن میں نظر آئیں گے جیسا کہ روڈسیفٹی ورلڈ سیریز ٹی ٹوئنٹی کا رائے پور میں 2 تا 21 مارچ انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ اس ایونٹ کے پہلے سیزن میں چار مقابلے منعقد ہوئے تھے لیکن 11 مارچ کو کورونا بحران کے شروع ہونے کے پیش نظر سیریز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ دریں اثناء ٹورنمنٹ کے منتظمین نے اعلان کیا ہیکہ اب تمام مقابلے 65 ہزار شائقین کی گنجائش والے میدان شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو رائے پور میں موجود ہے۔ مذکورہ چار کھلاڑیوں کے علاوہ امید کی جارہی ہیکہ ایونٹ کے دیگر کھلاڑی بریٹ لی، تلک رتنے دلشان کے علاوہ جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز کے کئی اور نامور کھلاڑی اس سیریز میں شرکت کریں گے۔صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک سالانہ ایونٹ ہے ۔کرکٹ کو چونکہ ہندوستان میں جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے لہذا اس کھیل کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کیا جاسکتا ہے۔