سڑکوں سے مذہبی ڈھانچے ہٹانے پر حکومت غور کرے گی: کے ٹی آر

   

ٹریفک مسائل پر سدھیر ریڈی کی توجہ دہانی۔ گجرات کی طرز پر قانون سازی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت شہر میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے سڑکوں پر موجود مذہبی ڈھانچوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی اپیل پر سنجیدگی سے غور کریگی اور اس سلسلہ میں گجرات میں جو قانون سازی کی گئی اس کا بھی جائزہ لے گی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اسمبلی حلقہ ایل بی نگر کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی سدھیر ریڈی نے کہا کہ شہر تیزی سے ترقی کررہا ہے اور آبادی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ سڑکوں پر مذہبی عبادت گاہوں کی وجہ سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں، مستقبل کی ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر ہمدردانہ غور کی ضرورت ہے، اللہ اور بھگوان بھی اپنے بندوں اور بھکتوں کو مشکلات میں نہیں دیکھ سکتے لہذا وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ انسانی ہمدردی کی نظر سے اس پر غور کرے، ان مذہبی عبادت گاہوں کو دوسری جگہ منتقل کرے۔ ڈی سدھیر ریڈی نے کہا کہ جب نریندر مودی گجرات کے چیف منسٹر تھے انہوں نے سڑکوں سے مذہبی عبادت گاہوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے قانون سازی کی تھی۔ اس طرح کی قانون سازی تلنگانہ میں بھی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹریفک مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے بھی مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے بغیر سڑکوں سے مذہبی ڈھانچوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ مذہبی عبادت گاہوں کو سڑکوں سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی اپیل پر حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔ معزز رکن اسمبلی نے اس طرح کا قانون گجرات میں ہونے کا حوالہ دیا ہے ، حکومت اس قانون کا جائزہ لے گی۔ن