سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس اور نئے سال کی آمد کے پیش نظر ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح جمع ہوئے ہیں۔ بتادیں کہ گلمرگ میں جمعرات کو تازہ برف باری ہوئی جس سے وہاں موجود سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام گلمرگ میں نو روزہ سرمائی کارنیول منایا جا رہا ہے جو یکم جنوری تک جاری رہے گا اس دوران سکائنگ،موسیقی، گیمز، سنو بائیکنگ، آئس اسکیٹنگ اور گنڈولا رائڈ جسیے کئی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید الرحمان نے یو این آئی کو بتایا کہ گلمرگ کے تمام ہوٹل سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں کسی بھی ہوٹل میں ایک کمرہ بھی خالی نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ماہ دسمبر گلمرگ میں مصروف ترین مہینہ رہتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ امسال بھی گلمرگ میں عیسائیوں کے مشہور تہوار کرسمس اور نئے سال کی آمد کے پیش نظر سیاحوں کا بے تحاشا رش دیکھنے کو مل رہا ہے اور ان سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے تمام تر اقدام کئے گئے ہیں۔