بی جے پی پر جگا ریڈی کی سخت تنقید ، شیواجی کی حکومت میں مسلمان اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے ، نوجوانوں سے تاریخ کے مطالعہ کی خواہش
سنگاریڈی ۔11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) ورکنگ صدر جگاریڈی نے کہا کہ چھترپتی شیواجی کو کسی ایک مذہب تک محدود کرنا درست نہیں ہے۔ وہ ایک عظیم جنگجو اور عوامی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی سلامتی کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ عظیم شخصیات کی تاریخ کو سیاسی مفادات کے لیے توڑ مروڑ کر پیش کرنا مناسب نہیں ہے سنگاریڈی بائی پاس روڈ پر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کی تنصیب کے لیے منعقدہ بھومی پوجا تقریب میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ شیواجی کی تاریخ کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ شیواجی کی تاریخ کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق پیش کر رہی ہے۔جگاریڈی نے کہا کہ شیواجی کی حکمرانی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے خدمات انجام دیں۔ ان کے مطابق دولت خان اور ملا حیدر جیسے مسلم عہدیدار بھی اعلیٰ ذمہ داریوں پر فائز تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی کی حکمرانی میں عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کا تحفظ اہمیت رکھتے تھے، نہ کہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تفریق ۔انہوں نے مزید کہا کہ شیواجی مہاراج نے مسلم حکمرانوں کیساتھ سیاسی اور جنگی محاذوں پر مقابلہ کیا، تاہم ایسی جنگوں کو مذہبی تصادم کے طور پر پیش کرنا درست نہیں ہے۔ ریاستوں کے درمیان ہونے والی جنگوں کو مذہبی رنگ دینے سے تاریخ کے اصل حقائق متاثر ہوتے ہیں جگاریڈی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ چھترپتی شیواجی کی زندگی، بہادری، انتظامی صلاحیتوں اور عوامی خدمات کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم شخصیات کی تاریخ کو سیاسی مفادات کیلئے مسخ کرنے کے بجائے ان کی زندگی سے حوصلہ، قیادت اور عوامی خدمت کا جذبہ حاصل کرنا چاہیے۔