سیر و تفریح کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والی دھوکہ باز ٹولی بے نقاب

   

پندرہ آرگنائزرس زیر حراست ، گچی باولی پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سیر و تفریح کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے ایک دھوکہ باز ٹولی کو گچی باولی پولیس نے بے نقاب کردیا اور 15 آرگنائزس کو حراست میں لے لیا ۔ دی پکنک ہالی ڈے ورلڈ کے نام سے یہ گروہ اپنی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا جو فور آر سیزن ہالی ڈے پرائیوٹ لمٹیڈ نئی دہلی کا یونٹ بتایا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق اس کمپنی کے ڈائرکٹرس میں راجیش کمار ، محمد ریحان اختر ، عبدالرشید اور رام سنگھ دھامی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق فری گفٹ کوپن کے ذریعہ گراہکوں کو اپنی جانب راغب کیا جاتا ہے ۔ گچی باولی پولیس نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے ایگزیکٹیو کو بڑے شہروں میں واقع شاپنگ مالس میں مقرر کیا جاتا ہے ۔ کمرشیل کامپلکس میں موجودگی کے دوران ان نمائندوں کی جانب سے گراہکوں کو مبینہ طور پر اپنے جال میں پھانسا جاتا ہے اور میٹنگ کے لیے گراہکوں کو مزید یقین دلانے بڑی ہوٹلوں میں ملاقات رکھی جاتی ہے اور انہیں ہالی ڈے ممبر شپ کی خریداری کے لیے زور دیا جاتا ہے اور پرکشش پیشکش کی جاتی ہے ۔ اور انہیں مبینہ طور پر لوٹنے کا آغاز کیا جاتا ہے ۔ ایک لاکھ 25 ہزار روپئے میں 5 سال کی ممبر شپ اس ممبر شپ کے ذریعہ سات راتیں ملک کی کسی بھی بڑی اسٹار ہوٹل میں گذارنے کی سہولت اور 10 سالہ ممبر شپ جس کے ذریعہ 7 راتیں ہر سال ملک میں اور فائیو اسٹار مقامات پر گزارنے کی سہولت فراہم کی جارہی تھی ۔ اس طرح کی ایک دھوکہ دہی کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے گچی باولی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔۔ ع m/b