سینئر کانگریس لیڈر ای وی کے ایس ایلنگوون کا دیہانت

   

چینائی : سینئر کانگریس لیڈر اور ایروڈ ایسٹ کے ایم ایل اے ای وی کے ایس ایلنگوون کا طویل علالت کے بعد آج دیہانت ہوگیا۔ ان کی عمر 76 برس تھی۔ سابق مرکزی وزیر اور ٹاملناڈو پردیش کانگریس کے سابق صدر ایلنگوون کو 13 نومبر کو سانس اور قلب سے متعلق مسائل پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے آج آخری سانس لی۔ ایلنگوون سابق کانگریس ایم پی، سماجی مصلح اور اقلیت پسند رہنما پیریار ای وی راماسامی کے پوتے تھے ۔ ان کے بیٹے تھیرو مہان ای وی را کا گزشتہ سال دیہانت ہو ا تھا۔ تھرو مہان نے ایروڈ ایسٹ اسمبلی حلقہ سے پہلا الیکشن جیتا تھا اور کانگریس ٹکٹ پر اور دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) کے اتحادی کے طور پر 2021 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ مہان کی موت کے بعد ضمنی انتخاب میں ڈی ایم کے نے کانگریس کو سیٹ الاٹ کی اور ایلنگوون کو ٹکٹ دیا گیا۔ انہوں نے ضمنی انتخاب بڑے فرق سے جیتا اور ایم ایل اے بنے ۔چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن، ڈپٹی چیف منسٹر وزیر اعلیٰ ادھیاندھی اسٹالن، ڈی ایم کے وزراء، کانگریس لیڈروں بشمول ٹی این سی سی صدر کے سیلواپرونتھاگئی اور مختلف جماعتوں کے قائدین نے ایلنگوون کی نعش کو خراج پیش کیا۔ کانگریس لیڈر اور ایم پی راہول گاندھی نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔