ججس سے علاج کیلئے مداخلت کی اپیل ۔ اڈیالہ جیل میں ابتر صحت کا حوالہ
اسلام آباد 16 نومبر (ایجنسیز) پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں اپنی بگڑتی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرکے اعلیٰ عدالتی عہدیداروں کو خط لکھا ہے اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت فوری طبی علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ عمران خان نے خبردار کیا کہ جیل میں جاری صورتحال ان کی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتی ہے اور اگر فوری مداخلت نہ کی گئی تو ممکن ہے وہ زندہ واپس نہ آ سکیں ۔ اس کھلے خط میں انہوں نے سپریم کورٹ پاکستان، فیڈرل کانسٹی ٹیوشنل کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ ان کی صحت کے معاملات پر توجہ دی جائے، سابق عدالتی احکام پر عمل یقینی بنایا جائے اور انہیں بنیادی انسانی سہولیات فراہم کی جائیں۔عمران خان کے مطابق 10 نومبر کو ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ کر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرہ سے خبردار کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ان کا بلڈ پریشر 130، 150 اور 170 تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث ان کی صحت پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔عمران خان نے خط میں لکھا کہ 71 سال کی عمر میں مسلسل ایسی صورتحال کا سامنا انہیں ایک ایسے مقام پر لے جا رہا ہے جہاں سے ممکن ہے وہ زندہ واپس نہ آ سکیں۔ انہوں نے ججوں سے اپیل کی کہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے پہلے اس میں مداخلت کی جائے۔سابق وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں روزانہ تقریباً 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور بیرونی دنیا سے ان کا رابطہ محدود کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی محدود ہے، جس سے انہیں ذہنی اور جسمانی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ہفتہ وار ملاقاتیں بار بار بغیر کسی وضاحت کے منسوخ کی جا رہی ہیں۔ ان کی تین بہنیں بھی حراست میں ہیں، جبکہ ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو عدالتی احکامات کے باوجود فون پر بات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ عمران خان کے مطابق انہیں پورے ایک سال میں اپنے وکیل سے ملاقات کا موقع صرف چار مرتبہ دیا گیا۔خط میں عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی تشویش ظاہر کی۔