شادی سے انکار پر دلت خاتون (پولیس امیدوار) کی خودکشی: 6 افراد گرفتار

,

   

گرفتار ہونے والوں میں سشمتا کا ساتھی اور مرکزی ملزم شماکوری انیل اور اس کے والدین شامل ہیں۔

حیدرآباد: محبوب آباد میں 26 سالہ دلت خاتون کی خودکشی کے معاملے میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مقتولہ سشمتا نے 12 نومبر کو انتہائی قدم اٹھایا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک طویل عرصے سے ایک شخص کے ساتھ تعلقات میں تھی، جس نے مبینہ طور پر ذات پات کے فرق کی بنا پر اس سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

محبوب آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، گرفتار ہونے والوں میں سشمتا کا ساتھی اور مرکزی ملزم شماکوری انیل، اس کے والدین شماکوری سرینواس اور شماکوری شانتا، چھوٹا بھائی شماکوری وینکٹیش، دوست ٹیگالا نوین اور بڑی بہن کومپلی وجیا شامل ہیں۔

سشمتا کا تعلق ’مادیگا‘ برادری سے تھا، جبکہ انیل کا تعلق اونچی ذات سمجھی جانے والی ’گوڈ‘ برادری سے ہے۔ وہ مبینہ طور پر تقریباً دو سال سے محبت کے رشتے میں تھے اور انیل نے اس سے شادی کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

بعد ازاں، مبینہ طور پر انیل اپنے وعدے سے پھر گیا اور اس نے ذات پات کے فرق کو اس کی وجہ قرار دیا۔

جمعرات کے روز جب سشمتا کے والدین ایک تقریب سے گھر واپس آئے تو انہیں اس کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی ملی۔ بتایا جاتا ہے کہ سشمتا ’تلنگانہ پولیس فورس‘ میں بھرتی ہونے کی تیاری کر رہی تھی۔ اس نے 18 صفحات پر مشتمل اپنے خودکشی نوٹ میں اپنے والدین کو مایوس کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

محبوب آباد رورل پولیس اسٹیشن میں 11 افراد کے خلاف ’ایس سی/ایس ٹی (شیڈولڈ کاسٹ/شیڈولڈ ٹرائب) پریوینشن آف ایٹراسسٹیز ایکٹ‘ (مظالم کی روک تھام کا قانون) اور خودکشی پر اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دیگر ملزمان کے کردار کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔