شاہین ہندوستان کیخلاف بہتر مظاہرے کے خواہاں

   

لندن۔18مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ہندوستان سے میچ پر نظریں جما لیں، وہ اسے عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کم عمری میں پاکستان کی نمائندگی اور خاص طور پر ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملنا بڑا اعزاز ہے، میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بڑی مضبوط ہیں اور پاکستان کو بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، مجھے جہاں بھی موقع ملا ٹیم کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال پر19 سالہ شاہین نے کہا کہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ ہمیشہ ہی بڑا ہوتا ہے، میں اس مقابلے میں اپنی بہترین بولنگ سے پاکستان کی فتح میں یادگار کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ تجربہ کار بولروں کا خلا پْرکرنے کا اضافی دباؤ ہونے کے سوال پر شاہین نے کہا کہ آج کی کرکٹ میں فاسٹ بولر ہمیشہ دباؤ میں کھیلتا ہے، میں اپنا صد فیصد کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم ورلڈ کپ کیلئے سخت محنت کر رہی ہے، تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلیے پْر عزم ہیں۔ شاہین نے کہا کہ بڑے بھائی ریاض آفریدی نے بولنگ کے گْر سکھائے، وسیم اکرم کی ویڈیوز سے خاص طور پر کلائی کا انداز کے بارے میں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس مجھے یارکر اور سوئنگ میں بہتری لانے کیلئے مشورہ دیتے رہتے ہیں۔