شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی پر خاتون کی خودکشی

   

حیدرآباد : شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ راجندر نگر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 23 سالہ ثروت خانم نے مشتبہ طور پر خودکشی کرلی۔ عید کے دن پیش آئے اس واقعہ سے دونوں خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ ثروت خانم بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن سیف خان کی بیوی تھی، ان کی شادی جولائی 2019 ء میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ 9 مئی کو ثروت خانم نے اپنے مائیکے والوں سے بات کی تھی اور اپنے اوپر ڈھائے جارہے ظلم کی داستان سنائی تھی۔ ثروت کے والدین بنگلور میں رہتے ہیں اور اس خاتون کا سسرال بنڈلہ گوڑہ میں ہے۔ راجندر نگر پولیس نے یہ تفصیلات بتائیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بیٹی کے گھر کے اخراجات اور کرایہ بھی ثروت کے والدین ہی دیا کرتے تھے۔ باوجود اس کے خاتون کو شوہر اور نند کی جانب سے شدید ہراساں کیا جاتا تھا جس سے تنگ آکر سمجھا جارہا ہے کہ اس خاتون نے انتہائی اقدام کیا ہوگا۔ راجندر نگر پولیس مصروف تحقیقات ہے۔