شہر میں جاریہ گرما میں پانی کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا : واٹر بورڈ

   

حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) اس موسم گرما میں حیدرآباد میں پانی کی سربراہی کے کوئی مسائل نہیں ہوں گے کیوں کہ سوائے سنگور کے پینے کے پانی کے تمام ذخائر میں پانی کی خاطر خواہ سطح ہے۔ یہ بات واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر کے اشوک ریڈی نے کہی۔ کل یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ واٹر بورڈ مانگ کو پورا کرنے یومیہ 600 ملین گیالن پانی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے لیکن ایک خراب واٹر سپلائی نیٹ ورک (مانجیرا) کے باعث یہ 570MGD سربراہ کرنے کے موقف میں ہے۔ گرما کے باقی 45 دن بہت اہم ہیں اور واٹر بورڈ پانی کی سربراہی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور اس سلسلہ میں انتظامات کئے جارہے ہیں۔ سنگور کے تعلق سے اشوک ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے اس ڈیم کے مرمتی کام کے باعث واٹر بورڈ کو 8 ٹی ایم سی تک پانی حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔ ہم اس گرما میں پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر آسانی سے قابو پائیں گے لیکن ایک سہارے کے طور پر ہم نے ایمرجنسی پمپنگ لگانے کے لئے متبادل انتظامات کئے ہیں تاکہ صارفین کو کوئی مشکلات نہ ہونے پائے۔V/A