شہر میں رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی

   

حیدرآباد۔12۔نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسم میں نمایاں تبدیلی محسوس کی جانے لگی ہے اور شہر حیدرآباد کے مضافاتی اور نواحی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں سرد موسم ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 18تا20 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے لگا ہے۔ 3
اوردن میں درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے لگا ہے جس کے نتیجہ میں دن کے اوقات میں گرمی اور شام ہوتے ہوتے موسم میں خنکی پیدا ہونے لگی ہے اور رات دیر گئی سرد ہوائیں محسوس کی جانے لگی ہیں۔ جنوب مغربی خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہناہے کہ دونوں تلگو ریاستوں کے علاوہ سرحدی ریاستوں میں بارشوں کا بھی امکان ہے ۔ شہر حیدرآباد میں رات کے اوقات میں ریکارڈ کی جانے والی سرد ی کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی کے اثرات اور موسم سرما کے آغاز کے بعد سے درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جار ہی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔3