شہر میں سال نوتقاریب کی ویڈیو گرافی کرنے پولیس کا فیصلہ

   

پروگراموں میں شرکت کرنے والوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت

حیدرآباد۔28۔ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر کی پولیس انتظامیہ کی جانب سے سال نو تقاریب کی مکمل ویڈیو گرافی کے علاوہ سی سی ٹی وی کے ذریعہ ان تقاریب میں شرکت کرنے والوں پر خصوصی نظر رکھنے کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ سال نو تقاریب میں منشیات کے عادی نوجوانوں کی موجودگی یا منشیات کے استعمال اور ان کی فروخت کی کوشش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ سی سی ٹی وی کے علاوہ مخبروں کے ذریعہ تقاریب کے مقامات اور آس پاس علاقوں میں خفیہ ایجنسیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ 2022کے اختتام کے قریب شہر میں منشیات پکڑے جانے کے واقعات منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ کسی بھی سال نو تقریب میں شرکت سے نوجوانوں کو اجتناب کرنا چاہئے جہاں رقص و سرور ‘ شراب نوشی یا منشیات کے استعمال کا خدشہ ہو۔ مجرموں کی جانب سے ایسی ہی تقاریب میں معصوم نوجوانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے کی جانے والی کاروائیوں کے دوران وہ کسی بھی اثر و رسوخ کو قبول نہیں کریں گے بلکہ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایت کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی اور جو لوگ اس طرح کی تقاریب میں کسی بھی طرح کا ممنوعہ نشہ کرتے ہوئے پائے جائیں گے ان کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے۔م