شہری علاقوں میں اندراماں ٹاورس کی اندرون ایک سال تکمیل کی ہدایت

   

قطب اللہ پور میں اندراماں ٹاور کا سنگ بنیاد، 480 استفادہ کنندگان کا انتخاب، وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ شہری علاقوں میں غریبوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے اندراماں ٹاورس کو اندرون ایک سال مکمل کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کے حوالہ کیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے آج قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ میں گاجولا رامارم میں اندراماں ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس موقع پر رنگاریڈی ضلع کے انچارج وزیر ڈی سریدھر بابو، مقامی رکن اسمبلی کے پی ویویکانند اور استفادہ کنندگان موجود تھے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ کیور اربن ریجن میں پہلے مرحلہ کے تحت ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اندرون ایک سال ٹاورس کے تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں تاکہ غریب خاندانوں کو حوالے کیا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ کنٹراکٹرس کو پیشکش کی گئی ہے کہ مقررہ مدت سے ایک ماہ قبل تکمیل پر 45 لاکھ روپئے اور 2 ماہ قبل تکمیل پر 90 لاکھ روپئے ترغیبی انعام دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اور اطراف کے 23 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ٹاورس کے تعمیری کام جاری ہیں۔ قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ میں مکانات کے لئے 7 ہزار سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں اور جانچ کے بعد 5218 کو اہل قرار دیا گیا۔ استفادہ کنندگان کی موجودگی میں لکی ڈرا کے ذریعہ 480 استفادہ کنندگان کا پہلے مرحلہ میں انتخاب عمل میں آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل مکمل طور پر شفافیت پر مبنی ہے۔ وزیر ہاؤزنگ نے کہاکہ اندراماں ٹاورس کی تعمیر کے ذریعہ مزید 3 مرحلوں میں مکانات منظور کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مکانات کی تعمیر کے لئے 7.5 ایکر اراضی دستیاب ہے۔ اِس کے علاوہ سرکاری اور ہاؤزنگ بورڈ کی دیگر اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے غریبوں کے لئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ مکانات کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ استفادہ کنندگان بھی وقتاً فوقتاً اپنے مکانات کی تعمیر کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اُنھوں نے استفادہ کنندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی نگرانی میں مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی شہری اور دیہی علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت بے گھر خاندانوں کو مکانات الاٹ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔ تقریب میں ضلع گرندھالیہ سنستھا کے صدرنشین سرینواس ریڈی، سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم، کلکٹر ایم چودھری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر استفادہ کنندگان کو الاٹمنٹ لیٹرس حوالے کئے گئے اور اُنھوں نے حکومت سے اظہار تشکر کیا۔V/1/a/b