نئی دہلی میں قومی جائزہ اجلاس، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا خطاب
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے نئی دہلی میں سوچھ بھارت مشن اربن 2.0 کے جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر ہاؤزنگ اور شہری ترقی منوہر لال کھٹر نے وگیان بھون میں قومی جائزہ اجلاس کا افتتاح کیا۔ اجلاس کے انعقاد کا مقصد شہری علاقوں میں صحت و صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاست میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے ضمن میں حکومت کے اقدامات اور شہری علاقوں کی منصوبہ بند ترقی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ اجلاس کے پہلے دن تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کے وزراء نے صحت و صفائی کے سلسلہ میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ حکام کی جانب سے گھر گھر پہونچ کر کچرے کا حصول اور ویسٹ مینجمنٹ کے لئے حکومتوں کی جانب سے مؤثر قدم اُٹھائے جارہے ہیں۔ کچرے کے استعمال کے ذریعہ برقی کی تیاری کے لئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجکٹس کی منظوری کا جائزہ لیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ شہری علاقوں کی ترقی کے لئے صحت و صفائی کے انتظامات اہمیت کے حامل ہیں۔ کسی بھی ریاست کی معیشت کے استحکام میں شہری علاقوں کا اہم رول ہوتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت ویژن 2047 پر عمل پیرا ہے جس کے تحت ریاست کی معیشت کو 3 ٹریلین ڈالر تک ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کو 3 حصوں میں منقسم کیا گیا۔ کیور، پیور اور ریر کے تحت یکساں ترقیاتی منصوبہ تیار کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق جامع منصوبہ کی تیاری ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے 2026ء میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے جو قواعد تیار کئے ہیں اُس پر ریاستوں کو مؤثر انداز میں عمل کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے تلنگانہ میں کچرے کی حصولی اور نکاسی کے لئے بلدی اداروں کی مہم سے واقف کرایا۔ حکومت نے کور اربن ریجن میں 9596 الیکٹرک سوچھ آٹو ٹپرس متعارف کئے ہیں جس کے ذریعہ میونسپل کارپوریشنوں میں صحت و صفائی کی مہم چلائی جارہی ہے۔ اُنھوں نے جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اِس معاملہ کی یکسوئی کیلئے حکومت نے آئی آئی ٹی ممبئی کی خدمات حاصل کی ہیں۔ آٹو نگر ڈمپنگ یارڈ میں 40 ایکر اراضی پر تقریباً 22 لاکھ میٹرک ٹن کچرا ڈالا جاتا ہے اور حکومت نے ویسٹ مینجمنٹ کے تحت تقریباً 30 فیصد کی صفائی کو یقینی بنایا ہے۔ 99 روزہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا کے تحت دیہی سطح پر صحت و صفائی کی مہم چلائی جارہی ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ کی اسکیمات میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔V/1/k/b