ڈھاکہ، 9 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہندوستان میں اپنی جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس آنے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست دی ہے ۔یہ درخواست واضح اشارہ ہے کہ گزشتہ دو برس سے ہندوستان میں مقیم شیخ حسینہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش واپسی پر عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے معاونین نے بتایا کہ مختلف رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال 2024 میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے دوران مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ان احتجاجی مظاہروں کے دوران 1400 تک افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ بنگلہ دیشی حکومت کو خط میں شیخ حسینہ نے اپنی بنگلہ دیشی شہریت کی بنیاد پر پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست پر جلد از جلد کارروائی کی اپیل کی ہے ۔شیخ حسینہ بنگلہ دیش کے بانی اور پہلے صدر شیخ مجیب الرحمٰن کی صاحبزادی ہیں۔ وہ 1996 سے 2001 تک اور پھر 2009 سے 2024 تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہیں۔بنگلہ دیش کی سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی شیخ حسینہ کی وطن واپسی سے 12 کروڑ 70 لاکھ آبادی والے ملک میں نئے قانونی اور سیاسی مسائل پیدا ہونے کا امکان ہے ۔آبادی کے بعض حلقوں میں انہیں اب بھی حمایت حاصل ہے اور ان کی واپسی سے گزشتہ دو برس کے سیاسی و معاشی انتشار کے بعد ملک اور اس کی معیشت کو مستحکم کرنے کی حکومت کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ تاہم، شیخ حسینہ کی واپسی سے ہندوستان کے ساتھ بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے ، جو 2024 میں سابق وزیر اعظم کے ہندوستان فرار ہونے کے بعد کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے ۔ شیخ حسینہ کو طلبہ کی قیادت میں چلنے والی عوامی احتجاجی تحریک سے اقتدار سے بے دخل ہونا پڑا تھا۔ یہ تحریک سپریم کورٹ کی جانب سے ملازمتوں میں کوٹہ نظام بحال کیے جانے کے بعد شروع ہوئی تھی۔