احمد علوی
چالاکی …!!
کہاں پہ جا کے سر پھوڑوں غلط ہے فیصلہ خود کا
اُنہیں سے دوستی کی ہے کہ نیت بیڈ جن کی ہے
ادائے قرض کا وعدہ کیا ہے پانچویں دن کا
کسی سے سن لیا ہوگا کہ دنیا چار دن کی ہے
…………………………
موبائیلی مسلمان…!!
مری تصویر کھینچو میں عبادت کر رہا ہوں
بناؤ ویڈیو کہ میں اطاعت کر رہا ہوں
ملے گا جب ملے گا روز محشر اجر سارا
ابھی لائیک کی خاطر ہی اشاعت کر رہا ہوں
غریبوں کی مدد چھپ کر بھلا کیونکر کروں
میں دکھانے کیلئے ہی تو سخاوت کر رہا ہوں
لگاؤ کیمرہ تھوڑا میرے نزدیک کر کے
پتہ سب کو چلے کہ میں، تلاوت کر رہا ہوں
مری تقریر کی ہو دھوم سوشل میڈیا پر
اسی مقصد کی خاطر میں خطابت کر رہا ہوں
مجھے کیا واسطہ ہے ان غریبوں بے کسوں سے
میں اپنے نام کی خاطر یہ خدمت کر رہا ہوں
لگاؤں گا میں اسٹیٹس پر حج عمرے کی فوٹو
اس کے واسطے یہ ساری محنت کر رہا ہوں
مریضو! دم نہ توڑو ہے مرا اک کام باقی
مجھے لینی ہے سیلفی کہ عیادت کر رہا ہوں
رضائے خلق عاجز ہے مقدم اس جہاں میں
میں ڈرتے ڈرتے یہ کہنے کی ہمت کر رہا ہوں
مرسلہ : ایم اے حمید
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
’’عقل کے اندھے ‘‘
٭ جسمانی معذوری بہت طرح کی ہوتی ہے۔ جیسے اندھے، لنگڑے یا اور طرح کے معذور۔ ان کے ساتھ ہمیشہ عام لوگوں کی ہمدردیاں ہوتی ہیں بلکہ حکومت کی جانب سے بھی اُنھیں ریزرویش یا سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اور ایسا ہونا بھی چاہئے۔ لیکن جنہیں کہاوتاً ’’عقل کے معذور‘‘ یا ’’عقل کے اندھے ‘‘ کہا جاتا ہے وہ مندرجہ بالا معذوروں کے زمرے میں نہیں آتے۔ اور ایسا ہونا بھی نہیں چاہئیے۔ اس ہفتہ میڈیا میں ایک خبر آئی کہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TGSRTC) معذور افراد کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ مگر دوسرے ہی دن TGSRTC کے وضاحتی بیان پڑھ کر ہنسی آئی جس میں کاپوریشن نے اس خبر کو افواہ اور بے بنیاد خبر قرار دیا۔
ہم نے اب تک بہت سی افواہیں سنی مگر ایسی افواہ نہیں سنی۔ یہ افواہ شاید کسی ’’عقل کے اندھے ‘‘نے اُڑائی ہوگی۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
مکمل آرام …!!
٭ ایک ڈاکٹر مریض کے گھر اس کے معائنہ کے لئے پہنچا ۔ دیکھا تو بچوں کے شوروغل سے کمرہ میں زبردست ہنگامہ ہورہا ہے ۔ مریض سے اس نے کہاکہ ’’محترم آپ کو مکمل آرام کی ضرورت ہے اس لئے آپ کل سے ’’دفتر ‘‘ چلے جائیے۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
……………………………
پچھتاوا …!!
٭ میاں، بیوی چوری کے موضوع پر گفتگو کر رہے تھے:شوہر: جو شخص چوری کرتا ہے وہ بعد میں ضرور پچھتاتا ہے…!
بیوی: رومانٹک موڈ میں بولی، اور آپ نے جو شادی سے پہلے میری نیندیں چرائیں تھیں اُن کے بارے میں کیا خیال ہے…؟
شوہر: بکواس، کہہ تو رہا ہوں وہ بعد میں ضرور پچھتاتا ہے…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………
انگریزی میں بولو
استاد : واٹ از یور نیم؟
What Is Your Name?
لڑکا : جناب سورج پرکاش ۔
استاد : میں انگریزی میں پوچھ رہا ہوں ۔
لڑکا : سر مائی نیم از سن لائٹ ۔
My Name Is Sunlight
محمد فاروق ۔ حیدرآباد
…………………………
اوقات …!!
٭ شطرنج وہ واحد کھیل ہے جس میں شوہر کی اوقات معلوم ہوتی ہے کیونکہ بادشاہ (شوہر) صرف ایک ہی طرف چل سکتا ہے لیکن ملکہ (بیوی) ہر طرف چال چل سکتی ہے…!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………